ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گرمیت رام رہیم کو 20 سال کی سزا، 30 لاکھ کاجرمانہ

گرمیت رام رہیم کو 20 سال کی سزا، 30 لاکھ کاجرمانہ

Tue, 29 Aug 2017 14:13:19    S.O. News Service

روہتک؍ نئی دہلی،29؍اگست (یو این آئی)قومی جانچ ایجنسی سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے سادھوی عصمت دری کیس میں سرسا کے ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت  رام رہیم  کو کل 20سال کی سزا سنائی اور اس کے ساتھ ہی اس پر 30لاکھ روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے ۔سی بی آئی کے ترجمان ابھیشیک دیال نے نئی دہلی میں واضح کیا کہ  رام رہیم  پر عائد عصمت دری کے دومقدمات میں 10-10 سال کی سزا دی گئی ہے ، جو الگ الگ چلیں گی۔ ایک سزا ختم کرنے کے بعد دوسری سزا شروع ہو گی۔ اس طرح اسے 20 سال تک جیل کی کوٹھری میں قید رہنا پڑے گا۔ جسٹس جگدیپ سنگھ نے سنیریا ضلع جیل میں قائم ایک عارضی عدالت میں عصمت دری کے معاملات میں 15-15 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ اس رقم سے متاثرہ دونوں سادھوی کو 14-14 لاکھ روپے دئے جائیں گے ۔ اس سے پہلے سزا کی مدت کی بابت الجھن تھی۔ پہلے یہ بتایا گیا تھا کہ  رام رہیم  پر 10 سال قید اور 65 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ، لیکن بعد میں سی بی آئی نے نئی دہلی میں صورت حال کو واضح کرتے ہوئے بتایا کہ عصمت دری کے دونوں مقدمات میں الگ الگ سزا سنائی گئی ہے ۔سزا کی ایک مدت ختم ہونے کے بعد دوسری مدت شروع ہوگی اس طرح  رام رہیم کو 20سال قیدکی سزا سنائی گئی ہے اور 30لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔  رام رہیم  کے وکیل ایس کے نروانہ نے کہا ہے کہ فیصلے کے خلاف اعلی عدالت میں اپیل کی جائے گی۔ سی بی آئی عدالت نے ڈیرا چیف کو تعزیرات ہند کی دفعہ 376 ، 506 اور 509 کے تحت سزا سنائی۔ سزا کا اعلان ہوتے ہیں گرمیت  رام رہیم نے عدالت میں رونا شروع کر دیا۔جج نے جیل حکام کو اسے قید کے دوران پہنی جانے والی وردی فراہم کرنے کا حکم دیا۔ جج نے کہا کہ رام رحیم کو اس کے علاوہ کسی اور کپڑے پہننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جج نے ڈیرہ چیف کو جیل بیرک لے جانے سے قبل طبی جانچ کرانے کو بھی کہا۔رام رحیم کو جیل میں قیدی نمبر 1997 دیا گیا ہے۔


Share: